لاہور: (یواین پی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ساہیوال کے چلڈرن وارڈ میں بچوں کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لے لیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ساہیوال ہسپتال میں بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعہ کی جامع تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے قواعد وضوابط کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ساہیوال میں بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دلی دکھ اور افسوس ہوا ہے۔ پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق بچوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔