ہرنائی (یواین پی) بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے دو جوانوں نے جام شہادت نوش کر لیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو ایف سی جوان شہید ہو گئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی جوان عید کی سیکورٹی کے لیے معمول کے گشت پر تھے۔ شہید ہونے والوں میں 23 سالہ سپاہی یار محمد اور 19 سالہ سپاہی مہتاب خان شامل ہیں۔شہید یار محمد کا تعلق سبی کے علاقے کچھ سے ہے جبکہ شہید مہتاب خان کا تعلق لکی مروت سے ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے حملے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ سپاہیوں کی قربانیوں کی بدولت قوم تہوار مناتی ہے۔ شہدا کے خون کی وجہ سے ملک میں امن قائم ہے۔