کراچی:(یوا ین پی) عید الفطر پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلمیں ’’چھلاوا‘‘ اور’’رانگ نمبر2‘‘ کو شائقین کی جانب سے پزیرائی حاصل ہورہی ہے۔اس عید الفطر پاکستانی شائقین کو مہوش حیات کی ’’چھلاوا‘‘ اورنیلم منیرکی’’رانگ نمبر2‘‘ فلموں کا تحفہ ملا۔ فلموں کے دلدادہ شائقین کب سے دونوں فلموں کی ریلیز کے منتظر تھے یہی وجہ ہے کہ یہ دونوں فلمیں عید کے پہلے روز اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہیں۔
چھلاوا
پاکستانی فلموں کے اعدادوشمار بتانے والی ویب سائٹ انٹرٹینمنٹ پی کے ڈاٹ کام کے مطابق مہوش حیات اوراظفر رحمان کی فلم’’چھلاوا‘‘ نے عید کے پہلے روز معقول بزنس کیا ہے۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق فلم نے ریلیز کے پہلے روز ایک کروڑ 5 لاکھ (15 ملین) کا بزنس کیا ہے۔
رانگ نمبر2
دوسری جانب ’’چھلاوا‘‘ کے ساتھ ریلیز ہونے والی فلم ’’رانگ نمبر2‘‘ بھی شائقین کو سینما تک لانے میں کامیاب رہی ہے۔ فلم نے ریلیز کے پہلے روز ایک کروڑ 6 لاکھ (16 ملین ) کا بزنس کیا ہے۔ اس فلم میں نیلم منیر اور سمیع خان کے علاوہ جاوید شیخ، یاسر نواز اور ثنا فخر نے اہم کردار اداکیے ہیں۔عید الفطر کے پہلے روز عموماً لوگ کم تعداد میں سینما کا رخ کرتے ہیں، تاہم عید کا دوسرا روز فلموں کے لیے بہت اچھا تصور کیاجاتا ہے، کیونکہ دوسرے روز لوگ رشتے داروں اور دعوتوں وغیرہ سے فارغ ہوکر فلمیں دیکھنے کو ترجیح دے کر عید کا دن گزارتے ہیں۔ لہٰذا امید کی جارہی ہے یہ دونوں فلمیں عید کے دوسرے اور تیسرے روز اچھا بزنس کرنے میں کامیاب ہوں گی۔