فیصل آباد( یواین پی)آج کل میڈیا پر مختلف طبقہ ہائے فکر کے لوگوں کی آراء سے عوام الناس کو پاکستان کی موجودہ صورتحال سے جوآگاہی دی جارہی ہے حقائق اس کے برعکس ہیں کیونکہ صاحب نظر لوگ وہی بات کرتے ہیں جو انہیں اللہ ورسولﷺ کی بارگاہ اقدس سے باطنی احکامات ملتے ہیں،انہی احکامات کی روشنی میں ملکی وبین الاقوامی مسائل پر وہ اپنا نقطہ نظر بیان کرتے ہیں۔ہماری نظر میں مشرف کا12اکتوبر والا ٹیک اوور کرنے کا اقدامغداری کے زمرے میں نہیں آتابلکہ وہ محب وطن اورمخلص حکمران تھے۔ان خیالات کااظہار صوفی مسعوداحمدصدیقی لاثانی سرکارنے لاثانی سیکرٹریٹ پر ’’تکمیل پاکستان ‘‘سیمینار میں صاحبزادہ احمد رضا قصوری (چیف کوارڈینیٹر آل پاکستان مسلم لیگ )کیساتھ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔صاحبزادہ احمد رضا قصوری نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر اندرونی وبیرونی خطرات شدت اختیا رکرچکے ہیں جس کی بناپرپاکستان گھمبیرمسائل میں گھرگیا،کرپشن،مہنگائی،بیروزگاری،لااینڈآرڈر کی خلاف ورزی،انرجی کرائیسس،قتل وغارت گری،میڈیا وار،بھتہ خوری،اغواء برائے تاوان ،دہشت گردی کی روک تھام اورگڈگورننس کیلئے شریف برادران کواپناکردار اداکرنا چاہیے ،پاکستان کے اصل مسائل یہ ہیں ،مشرف نہیں۔پیر طریقت احسان الحق معصومی نقشبندی (کوارڈینیٹرتنظیم مشائخ عظام )نے کہاکہ صدیقی لاثانی سرکارایسے صاحب اختیار اللہ کے درویش ہیں جوپاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں کیونکہ فقراء کے ہاتھ اللہ کے خزانوں میں ہوتے ہیں جس کی بناپر وہ کسی بھی بڑے سے بڑے مسئلے کو اس پاک بارگاہ سے حل کروانے کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں۔محترمہ ظل ہما نے کہاکہ لاکھوں خواتین کو فلاح انسانیت کے کاموں پرلگادینا صدیقی لاثانی سرکارکی بہت بڑی کرامت ہے۔ہارون جاوید ایڈووکیٹ نے کہاکہ ہم معاشرے کے مظلوم لوگوں کی بے لوث خدمات کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں اوراس کے دائرہ کارکوبھی تیزی سے وسیع کررہے ہیں۔محمد ریحان خان نے کہاکہ آج تک کسی حکومت نے بھی خلوص دل سے تنظیم مشائخ عظام سے رابطہ نہیں کیاورنہ ملکی حالات اس کے برعکس ہوتے۔جتنی بھی حکومتیں آئیں بالشمول جنرل مشرف کے ،ان کے وزیروں اورمشیروں نے تنظیم مشائخ عظام کاپیغا م خلوص نیت سے اپنے قائدین تک نہیں پہنچایا جس کاخمیازہ آج سب بھگت رہے ہیں۔اس پروقار سیمینار میں صاحبزادہ شبیر احمد نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی،دیگر مہمانا ن گرامی میں تنظیم مشائخ عظام کے کوارڈینیٹرز،لاثانی ویلفےئرفاؤنڈیشن ،آل پاکستان صوم وصلوٰۃ کمیٹی ،ماہنامہ لاثانی انقلاب انٹرنیشنل اوربین المذاہب امن اتحاد پاکستان کے کوارڈینیٹر ز،مرکزی اراکین ،صدور،امیران حلقہ(مردوخواتین)کمیونٹی ورکرز شامل ہوئے۔تمام مہمانان گرامی کیلئے پرتکلف ظہرانہ اورعشائیہ دیاگیا۔