لاہور: (یواین پی) لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں کہیں موسلا دھار بارش اور کہیں رم جھم سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ میرپور آزاد کشمیر میں بھی بادل خوب برسے۔ شہر قائد میں بھی بوندا باندی ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے کئی علاقوں میں آج مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔لاہور، قصور اور گجرات سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں ابر کرم برسا۔ ہلکی ٹھنڈی ہواؤں کے لطیف جھونکوں سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے مزید بارش برسنے کی نوید سنا دی ہے۔ میرپور آزاد کشمیر سمیت گردونواح میں موسلا دھار بارش سے جھل تھل ایک ہو گیا۔شہر قائد میں بھی سرمئی بادلوں نے ڈیرے ڈالے۔ گلبرگ، گلشن، ملیر اور نارتھ ناظم آباد سمیت کئی علاقوں میں بوندا باندی سے موسم سہانا ہو گیا۔