کراچی (یو این پی) سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے کے لیے سب سے ضروری چیز روزانہ کی بنیاد پر کسرت کرنا ہے اور بہترین نتائج کے لیے ورزش کے لیے مناسب وقت کا تعین کرلینا اس سے بھی زیادہ ضروری ہے۔سائنسی جریدے اوبیسٹی میں شائع ہونے والے مقالے کے مطابق امریکی تحقیق کاروں نے اُس وقت کا درست تعین کرنے کے لیے تحقیق کی جن اوقات میں ورزش کرنے سے وزن میں دیگر اوقات کے مقابلے میں تیزی سے کمی آتی ہے۔اس تحقیق کے لیے 400 کے لگ بھگ وزن کی زیادتی کے شکار افراد نے حصہ لیا، ایک گروپ کو کسی بھی وقت ورزش کرنے کی اجازت دی گئی تھی جب کہ دوسرے گروپس کو صبح ، دوپہر یا شام میں سے کسی بھی ایک وقت کو منتخب کرنا تھا۔جو گروپ دن میں کسی بھی وقت ورزش کرلیتا تھا ان کے وزن میں کمی توقع کے مطابق نہیں ہوسکی اور نہ ایسے لوگ ورزش کے دیگر فوائد جیسے چستی، ذہنی ارتکاز اور جسمانی توانائی جیسے فوائد اُٹھا سکے۔دوسری جانب وہ گروپ جس نے اپنی ورزش کے لیے دن بھر میں سے کسی بھی ایک وقت کا انتخاب کرلیا اور پھر روزانہ اسی وقت ورزش کرتے رہے ان لوگوں کے وزن میں حیران کن اور واضح کمی دیکھی گئی کہ بہتر نتائج کے لیے صبح، دوپہر یا شام میں سے اپنی آسانی کے تحت کوئی ایک وقت منتخب کرلیں اور پھر روزانہ اسی وقت ورزش کرنے کو معمول بنائیں اور اس پر آپ کا جسم بھی آپ کا شکر گزار ہوگا۔