آپ نے تخ ملنگا (یا تخم بالنگا) کو دیکھا یا اس کے بارے میں سنا تو ہوگا، مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ اسے استعمال کیوں کرنا چاہیے؟
درحقیقت یہ بیج کیلوریز سے پاک ہوتے ہیں جبکہ پروٹین، اومیگا تھری فیٹی ایسڈز، کیلشیئم، کاربوہائیڈریٹس اور فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں جبکہ ان میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس بھی مختلف فوائد پہنچاتے ہیں۔
یہ مسلز کو سکون پہنچانے کے ساتھ ساتھ ہاضمہ تیز کرتے ہیں اور قابل ہضم کاربوہائیڈریٹس کی مقدار کم ہونے کے ساتھ ساتھ یہ ورم کش بھی ہوتے ہیں جو پیٹ پھولنے کے مسئلے سے بچاتے ہیں۔
اس کے متعدد فوائد ہیں مگر یہ ان افراد کے لیے بہت زیادہ مفید ہیں جو ذیابیطس کے شکار ہوں یا ہائی بلڈ شوگر کی شکایت کا سامنا ہو۔
یہ بیج ذیابیطس کے مریضوں کے لیےفائدہ مند ہیں، جو کہ انسولین کی مزاحمت کی روک تھام میں مدد کرتے ہیں جبکہ بلڈ گلوکوز کی سطح بہتر کرنے کے ساتھ بلڈ پریشر کو بھی معمول پر لاتے ہیں۔
ان بیجوں کا درج ذیل استعمال بلڈ شوگر لیول کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
تخ ملنگا اور لیموں
ایک کھانے کا چمچ تخ ملنگا ایک بوتل پانی میں بھگو دیں اور پھر اس بوتل میں لیموں کے پتلے کٹے ٹکڑوں کا اضافہ کرکے کم از کم ایک گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں اور پھر پی لیں، یہ مشروب اینٹی آکسائیڈنٹس اور فائبر سے بھرپور ہوتا ہے جو بلڈ شوگر کنٹرول کرنے کے ساتھ جسمانی وزن کنٹرول کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔
دلیے میں شامل کرنا
جو کا دلیہ ناشتے کے لیے صھت بخش آپشن ہوتا ہے، اگر اس میں تخ ملنگا کا اضافہ کردیا جائے تو ذائقہ بہتر ہونے کے ساتھ ہائی بلڈ شوگر کنٹرول کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
دودھ کے ساتھ
تخ ملنگا جسمانی میٹابولزم کی رفتار کو سست کرتا ہے جبکہ کاربوہائیڈریٹس کو گلوکوز میں بدلنے کے عمل کو بھی کنٹرول کرتا ہے، جس سے بلڈ شوگر لیول کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد ملتی ہے، اس مقصد کے لیے ناشتے میں دودھ کے ایک گلاس میں ان بیجوں کو ملائیں اور پی لیں۔
دہی کے ساتھ
ذیابیطس کے مریضوں کو میٹھے سے تو دور رہنا چاہیے مگر دہی کا استعمال کرسکتے ہیں اور اس میں تخ ملنگا کا استعمال اسے صحت کے لیے مفید بناتا ہے۔