پشاور (یواین پی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے وزیر اعظم عمران خان کے امریکہ کے دورے کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا معاملہ اٹھانے کےلئے خط لکھ دیا۔خط میں وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے سربراہان کی ملاقات سے سفارتی اور سیاسی تعلقات میں جاری تعطل اور سرد مہری میں کمی واقع ہوگی۔سینیٹر مشتاق احمد خان نے خط میں وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی ایک ایسی جنگ کی متاثرہ ہے جو پاکستانی عوام اور پارلیمنٹ کی مرضی کے بغیر اس ملک پر مسلط کی گئی تھی جس کے مہلک اثرات نے پاکستانی سماج کے معاشی، معاشرتی اور سیاسی پہلووؤں کو شدید متاثر کیا اور ہزاروں بے گناہ اس جنگ کا ایندھن بنے۔