اسلام آباد(یواین پی) وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر نجی پرواز سے امریکا روانہ ہوگئے، عمران خان اور صدر ٹرمپ کی ملاقات 22 جولائی کو ہوگی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا سرکاری دورہ کل سے شروع ہوگا، وہ امریکا میں پاکستان ہاؤس میں قیام کریں گے، وزیراعظم 21جولائی کو ورلڈبینک کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے،وزیراعظم کی آئی ایم ایف ایکٹنگ ایم ڈی سے بھی ملاقات شیڈول میں شامل ہے، عمران خان امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے،وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ون آن ون ملاقات 22 جولائی کو ہوگی، دونوں رہنما ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کریں گے۔قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ خود عمران خان کا استقبال کریں گے، وزیراعظم پاکستان کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں ظہرانہ بھی دیا جائے گا،شاہ محمودقریشی کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ایک نشست سپیکرہاؤس کے ساتھ بھی ہوگی، امریکا کے ساتھ سمٹ لیول پر5سال بعد ایک نشست ہونے جارہی ہے، امریکا کے ساتھ 5سال بعد سربراہ ملاقات ہونے جارہی ہے۔خیال رہے کہ افغانستان کے حالات کی وجہ سے پاک امریکا تعلقات میں عدم تعاون پایا جاتا تھا، امریکی وزیرخارجہ پومپیو کے دورہ پاکستان سے تعلقات کی بہتری کا آغاز ہوا، اب وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔