صبح خالی پیٹ رہنا صحت کے لئے مضر

Published on July 26, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 603)      No Comments

کہا جاتا ہے کہ ناشتہ دن کی سب سے اہم غذا ہوتی ہے مگر اب سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ صبح کے وقت خالی پیٹ رہنا نوجوانوں کو موٹاپے اور توند کا شکار کردیتا ہے۔
یہ بات برازیل میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
ساﺅ پاﺅلو یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو نوجوان ناشتہ کرنے کے عادی نہیں ہوتے، ان میں توند اور موٹاپے کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق دن کی پہلی غذا سے دوری نوجوانوں میں ایسی نقصان دہ عادات کا باعث بن سکتی ہے جو موٹاپے کا باعث بنتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ناشتے میں صحت کے لیے فائدہ مند غذا چھوڑنے والے افراد بھوک لگنے پر نقصان دہ غذائیں جیسے میٹھے مشروبات یا کچھ میٹھا کھانے کو ترجیح دیتے ہیں۔
نوجوانی میں موٹاپا اور توند ذیابیطس ٹائپ ٹو اور امراض قلب جیسے طبی مسائل کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔
اس تحقیق کے دوران برازیل اور یورپ میں ہونے والے 2 بڑے سروے کے نتائج کو دیکھا گیا، جن میں غذائی عادات اور جسمانی وزن کے مختلف عناصر کا جائزہ لیا گیا تھا۔
مجموعی طور پر 5 ہزار کے قریب نوجوانوں کے ڈیٹا سے معلوم ہوا کہ ناشتہ چھوڑنا براہ راست توند نکلنے کا باعث بنتا ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ جو لڑکے ناشتہ نہیں کرتے، ان کی کمر کا پھیلاﺅ ناشتہ کرنے والوں کے مقابلے میں اوسطاً 2.13 سینٹی میٹر سے 2.61 سینٹی میٹر زیادہ ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایسے لڑکے مناسب نیند ہی کیوں نہ لیتے ہوں، مگر ان کا جسمانی وزن دوسروں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے جبکہ ناشتہ نہ کرنے والی لڑکیوں کی کمر کا پھیلاﺅ اوسطاً 1.97 سینٹی زیادہ ہوسکتا ہے۔
محققین کے مطابق ناشتہ نہ کرنا غیرمتوازن غذا اور دیگر غیر صحت بخش رویوں کی جانب لے جاسکتا ہے جو نوجوانوں میں جسمانی وزن میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔
اس کے مقابلے میں ناشتہ کرنے والے افراد میں صحت مند جسمانی وزن ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے کیونکہ وہ دن بھر میں کم کیلوریز جسم کا حصہ بناتے ہیں، خصوصاً نقصان دہ غذاﺅں سے بچنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل سائنٹیفک رپورٹس میں شائع ہوئے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes