کشمیر میں بربریت: پاکستان کا بھارت کیلئے فضائی حدود بند کرنے پر غور

Published on August 28, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 211)      No Comments

اسلام آباد: (یواین پی) وزیراعظم عمران خان بھارت کیلئے فضائی راستہ بند کرنے پر غور کر رہے ہیں جبکہ بھارت افغان تجارت کیلئے زمینی راستہ بھی بند کرنے کی بھی تجویز ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ بھارت نے جو راستہ اختیار کیا، ہم اسی زبان میں جواب دیں گے، مودی نے شروع کیا، ختم ہم ہی کریں گے۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بھارت کیلئے پاکستانی فضائی حدود بند کرنے پر غور کر رہے ہیں جبکہ بھارت افغان تجارت کیلئے زمینی راستے بند کرنے کی بھی تجویز زیر غور ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جو ہو رہا ہے، وہ ہمارے لیے ناقابل قبول ہے۔ اقدامات کیلئے قانونی امور پر غور کیا جا رہا ہے۔بھارت کیلئے فضائی حدود بند کرنے پر وفاقی کابینہ میں تفصیلی مشاورت ہوئی۔ فردوس عاشق اعوان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نریندر مودی کی طرف سے پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال کا معاملہ بھی کابینہ میں اٹھایا گیا۔دوسری جانب وزیر ہوابازی غلام سرور خان کہتے ہیں کہ ائیر سپیس روکنے کے حوالے سے فیصلہ آئندہ 48 گھنٹوں میں متوقع ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان نے اس سے پہلے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بدلنے پر بھارت سے تجارت معطل کر دی تھی جبکہ سمجھوتہ ایکسپریس اور دوستی بس کو بھی بند کر دیا تھا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy