ٹھٹھہ: (رپورٹ حمید چنڈ):ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر اور ایس ایس پی ٹھٹھہ شبیر احمد سیٹھا ر کی قیادت میں آج کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ڈی سی آفیس سے لیکر سول اسپتال مکلی تک ایک شاندار ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر ریلی میں محمکہ تعلیم، صحت، پبلک ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ، انفارمیشن، پولیس، روینیو، ایریگیشن، زراعت و دیگر مختلف محکموں کے افسران و عملہ، مختلف این جی اوز اور سول سوسائٹی کے نمائندے، صحافی اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ، بینر، پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھاکر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر کشمیر کے حق میں آواز بلند کیا جبکہ انڈیا اور نریندر مودی کے خلاف سخت نعرہ بازی کی پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر نے کہا کہ ضلعی، صوبائی اور وفاقی حکومت، پاک آرمی اور ملک بھر کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اگر ہماری ضرورت پڑی تو ہم سب ملکر میدان جنگ میں جانے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب خون کے آخری قطرے تک کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور کشمیر ہر صورت میں لیکر رہیں گے۔ بعد میں ایس ایس پی ٹھٹھہ شبیر احمد سیٹھار نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کی جانب سے کشمیری عوام پر گذشتہ 28 روز سے کرفیو نافذ کرکے ظلم، بربریت اور جارحیت کی حد کر دی ہے جوکہ انسانی حقوق کے خلاف ورزی ہے جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام، پاکستان اور اس کے تمام ادارے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں چاہے وہ جنگ کا میدان ہی کیوں نہ ہو انہیں کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔ بعد ازیں اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹھہ گدا حسین سومرو کی قیادت میں شاہجہان مسجد ٹھٹھہ سے پریس کلب ٹھٹھہ تک کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر بھی ریلی کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر مختیار سولنگی، ڈی ایچ او ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد حنیف میمن، ڈی ای او سیکنڈری سراج احمد میمن۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی، ایس ایچ او ٹھٹھہ امیر کھوسو کے علاوہ دیگر مختلف محکموں کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں اور عوام نے شرکت کی عوام نے پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد کے بلند آواز میں نعرے لگاکر ریلی کا اختتام کیا۔