جنرل آفیسر کمانڈنگ 26 ڈویژن بہاول پور میجر جنرل عدنان آصف جاہ نے پھولوں کی چادر چڑھائی
بورے والا(یواین پی)یوم دفاع و شہدا کے سلسلے میں میجر طفیل شہید کے مزار پروقارتقریب کا انعقاد کیا گیا۔جنرل آفیسر کمانڈنگ 26 ڈویژن بہاول پور میجر جنرل عدنان آصف جاہ نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔فاتح لکشمی پور نشان حیدر میجر محمدطفیل شہید کے مزار واقع چک نمبر 253 ای بی طفیل آباد میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہید کے مزار پر تقریب کو دیکھنے کے لئے شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔جنرل آفیسر کمانڈنگ 26 ڈویژن میجر جنرل عدنان کی قیادت میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور مزار پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔خصوصی دعا میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے علاوہ کشمیریوں سے اظہاریکجہتی، ملکی سلامتی اور استحکام کی دعا کی گئی ۔ڈپٹی کمشنر وہاڑی عرفان علی کاٹحیا نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ڈی پی او وہاڑی چاقب الطان المحمود نے بھی میجر طفیل شہید کے مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں فاتحہ خوانی کی گئی پولیس اور اسکاوٹس کے دستوں نے بھی مزار پر سلامی پیش کی۔مزار سے ملحقہ طفیل شہید اسٹیڈیم میں ایک تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مختلف اسکولوں کے بچوں نے دفاع پاکستان کے حوالہ سے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے۔