لاہور: (یواین پی) وزیراعلیٰ پنجاب سے پولیس تشدد سے ہلاک صلاح الدین کے والد محمد افضال اور دیگر اہل خانہ نے ملاقات کی ہے۔ سردار عثمان بزدار نے داد رسی کی یقین دہانی کرا دی۔سردار عثمان بزدار نے صلاح الدین کے والد اور دیگر اہل خانہ کے مطالبے پر کیس کی انکوائری ڈی آئی جی کے عہدے کے افسر سے کرانے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا ایسا واقعہ مستقبل میں کسی صورت برداشت نہیں کروں گا، آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے نئے ایس او پیز بنائے جائیں گے، رولز اور قوانین میں ضروری تبدیلیاں کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا پراسیکیوشن کے ہر مرحلے میں آپ سے پورا تعاون کریں گے، انصاف دلانا میری ذمہ داری ہے، پنجاب حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے، حکومت ہرممکن مدد کرے گی، اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، انصاف ہوتا ہوا نظر آئے گا، قصور وار کو کڑی سزا ملے گی۔