اخروی نجات،ایمان کی سلامتی اہل بیت کی محبت میں ہے‘ڈاکٹر طاہر القادری

Published on September 10, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 311)      No Comments

کینڈا(یواین پی) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ حسین حق یزید جھوٹ تھا۔ واقعہ کربلا حق اور باطل کا معرکہ تھا اہل بیت اطہار کے مقدس خون نے قیامت تک کیلئے یزیدیت کو گالی بنا دیا۔سیدنا امام حسین ؓ نے جان کا نذرانہ پیش کرکے قیامت تک کے لیے ظلم، فسق فجور،حرص و ہوس اور فسطائیت کے سامنے نہ جھکنے کا پیغام دیا۔حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جس نے حسن رضی اللہ عنہ و حسین رضی اللہ عنہ سے محبت کی اس سے میں محبت کروں گا، امام عالی مقام سیدنا حسین ابن علی رضی اللہ عنہ نے گردن کٹوا لی مگر فاشسٹ، یزیدی نظام حکومت کو قبول نہیں کیا، اور تاریخ عالم کی عظیم قربانیاں دیکر دین مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا پرچم قیامت تک کے لیے سربلند کیا۔ انھوں نے کہا کہ اخروی نجات،ایمان کی سلامتی اہل بیت اطہار سے محبت میں ہے۔ حضور نبی اکرم ؐ کا فرمان ہے جو قرآن اور میری عترت (آل) کو تھام کر رکھے گا کبھی گمراہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اللہ کی راہ میں ملنے والی موت، موت نہیں بلکہ حیات ابدی اور اللہ رب العزت کا بیش بہا انعام ہے، ہر کوئی اس عظیم نعمت کا مستحق نہیں ٹھہرایا جاتا،انہوں نے کہا کہ یوں تو ہر دور میں پیغمبران حق، اولیائے اللہ نے اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لیے ظالم کا ہاتھ پکڑا،کلمہ حق بلند کیا،جانوں کے نذرانے پیش کیے مگر جوقبولیت اور عالمگیریت شہدائے کربلا کے حصے میں آئی کسی اور کو نصیب نہ ہو سکی۔انھوں نے کہا کہ واقعہ کربلا ظہور پذیر ہونے والا اچانک سانحہ نہیں ہے، عالم انسانیت کے اس دلخراش سانحہ کے بارے میں اللہ عالم الغیب نے حضور نبی اکرم صلی اللہ وعلیہ وسلم کو واقعہ کربلا کی جزئیات تک وحی کردی تھیں، جید صحابہ بھی اس بارے میں آگاہ تھے۔انھوں نے کہا کہ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ ہمیں من حیث القوم ظلم پر خاموش رہنے والے”کوفی“طرز عمل کو ترک کرنے اور حق کیلئے سب کچھ لٹا دینے کا حسینی جذبہ عطا فرمائے۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Blog