حیدر آباد (یواین پی)پاکستان پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہی ہے ، سندھ کی وحدت پر حملے کئے جارہے ہیں ۔ کراچی اورحیدرآباد کا کچرا اٹھانا میئر اور بلدیہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جس میں وہ ناکام ہوگئے ہیں اور اپنی نااہلی اور کوتاہی کا ملبہ صوبائی حکومت پر ڈالا جارہا ہے۔ جبکہ وفاقی حکومت صوبے کے معاملات میں مداخلت کرکے صوبائی خودمختاری میں مداخلت کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ میں بلاامتیاز ترقیاتی کام کرارہی ہے جبکہ وفاقی حکومت نہ تو سندھ کے حصے کا فنڈز جاری کررہی ہے اور نہ ہی وفاقی سطح کے پروجیکٹ سندھ میں بنائے جارہے ہیں۔ باوجود مالی بحران کے اب تک سندھ حکومت کی کارکردگی دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہت زیادہ بہتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم نے آرٹیکل 149کا شوشہ چھوڑ کر پھر صوبے میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی ہے جس کے اثرات منفی برآمد ہورہے ہیں۔ اب بھی وفاقی حکومت نے صوبوں کے ساتھ یہی سلوک رکھا تو اس سے عوامی ترقیاتی کام متاثر ہونے کے علاوہ آپس میں نفرتیں پروان چڑھیں گی۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کو سندھ کے عوام صرف اس لئے ووٹ دیتے ہیں کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کے حقوق کی بھی بات کی ہے اور سندھ کے عوام کے حقوق کا بھی خیال رکھا ۔