پیر محل (یواین پی)پولیس پیرمحل مکہ بلاک سے لاپتا ہونے والے کمسن بہن بھائی کا ایک روز گذرنے کے باوجود کوئی سراغ نہ لگا سکی ،والدین کا غم سے برا حال ،پورے علاقے میں غم اور سوگ کی کیفیت طاری۔تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے پیر محل کے مکہ بلاک سے لاپتا ہونے والے کم سن بہن بھائی ،چار سالہ عروشہ اور تین سالہ عبد الحنان کا تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا ،پولیس بھی لاپتا ہونے والے بچوں کی تلاش میں مکمل ناکام دکھائی دے رہی ہے جبکہ لاپتا بچوں کے والدین اپنے پیاروں کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں تاہم بچوں کے بارے میں کوئی سراغ نہیں مل پایا ۔ تھانہ صدر پولیس نے لاپتا ہونے والے بچوں کا مقدمہ درج کرتے ہوئے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے جبکہ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ وقار شیعب بھی متاثرہ خاندان کے گھر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ کا جائزہ لیا ۔انہوں نے متاثرہ خاندان اور اہل علاقہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ لاپتا بچوں کی تلاش کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہے ہیں ۔دوسری طرف دو معصوم بچوں کے لاپتا ہونے پر صرافہ برادری نے متاثرہ خاندان سے اظہار یکجہتی کے لئے دوکانیں بند کر دیں۔ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ میاں محسن رشید نے بھی لاپتا ہونے والے بچوں کے گھر گئے اور متاثرہ خاندان کو یقین دہانی کروائی کہ انتظامیہ معصوم بچوں کی بازیابی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا ہی ہے ،سب سے پہلے دعا ہے کہ اللہ تعالی ان معصوم بچوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے ،لاپتا ہونے والے بچے ننھے پھول ہیں ،جنہوں نے ان معصوم پھولوں کو اغوا کیا ہے وہ انسان نہیں بھیڑیئے ہیں،حکومت کی پالیسی ہے کہ ایسے درندہ صفت انسانوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے ،والدین کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہر وقت اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور سب مل کر کوشش کریں کہ دوبارہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہ آئے .