اسلام آباد: (یواین پی) پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم عالمی امن کے خواب کے شرمندہ تعبیر ہونے کے آگے رکاوٹ ہیں، عالمی برادی مسئلہ کو منہ پھیرنے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ عالمی سطح پر تنازعات کے حل کے لئے سفارتکاری اور ڈائیلاگ پر انحصار کو بڑھانا اور بقائے باہمی کو فروغ دینا ہوگا۔امن کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری دنیا میں پائیدار امن کے خواب کو حقیقت بنانے کیلئے مسئلہ کشمیر حل کرائے۔پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کو میدان جنگ و جدل بنانے کے متحمل نہیں ہو سکتے، پاکستانی قوم دنیا میں امن و آشتی کی علمبردار ہے، کل آنے والی نسلوں کو پائیدار امن دینے کی خاطر آج ہمیں سکولوں پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ لگانا ہوگا۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دنیا کو سب کے لیے ایک جیسا مسکن بنانے کی خاطر ہم میں سے ہر ایک کو اپنا کردار نبھانا ہو گا، ہمیں گھروں میں بچوں کو صبر اور دوسروں کا احترام کرنا سکھانا ہوگا۔