جدہ ( زکیر احمد بھٹی) برادر ملک سعودی عرب میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لئے ایک اعزاز کی بات ہے میں اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ مملکت کا 89 واں قومی دن مناتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں۔اس خوشی کے موقع پر ، میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز ، اور ان کے ولی عہد نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان ، اور سعودی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں ۔پاکستان اور سعودی عرب اسٹریٹجک اتحادی ہیں اور ہمیشہ قریبی تعاون کو برقرار رکھا ہے۔ ہمارے تعلقات مشترکہ ثقافتی اقدار اور مشترکہ عالمی نقطہ نظر پر مبنی ہیں۔پاکستانی عوام سعودی عرب کی قیادت کو عزت کےکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اس رشتے کی گہرائی کا اندازہ میلوں مسافت ہونے کے باوجود دونوں عوام کے مابین گہری محبت کے جذبات سے ہوتا ہے۔سعودی عرب میں 20 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کی موجودگی دونوں ممالک کے مابین دوستی کے اس بندھن کو مزید تقویت بخشتی ہے۔ ان پاکستانیوں نے سعودی عرب اور پاکستان دونوں کی معاشی ترقی میں گراں قدر حصہ ڈالا ہے۔ ہم ان تارک وطن پاکستانیوں کی مہمان نوازی کے لئے سعودی عرب کے انتہائی مشکور ہیں۔سعودی عرب کی قیادت ، شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ،نے اپنی بصیرت سے سعودی عرب کو ترقی کے راستے پر ڈال دیا ہے ، اور مملکت اب ترقی اور خوشحالی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہے۔سعودی عرب خطے اور دنیا میں ہمیشہ استحکام ، امن اور ہم آہنگی کا حامی رہا ہے۔ اس نے ہمیشہ بین الاقوامی ذمہ داریوں اور اقوام متحدہ کے ان اصولوں کو بہت اہمیت دی ہے جو اقوام متحدہ کے پرامن بقائے باہمی کا مطالبہ کرتے ہیں۔سعودی عرب اور اس کے عوام کو ہر پاکستانی کے دل میں ایک خاص مقام حاصل ہے۔ میں بحیثیت سفیر پاکستان سے عہد کرتا ہوں کہ اپنے دونوں ممالک کے مفادات کے لئے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لئے مستقل کوششیں کروں گا۔میں اللہ تعالٰی سے دعا گو ہوں کہ وہ سعودی عرب اور پاکستان کو ہر طرح کی آفت سے محفوظ رکھے ، اور ہمارے قریبی تعلقات کو مزید وسعت عطا کرے۔