دوحہ: (یواین پی) دوحہ میں جاری عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں امریکی رنر کولمین سو میٹر کے گولڈ میڈلسٹ بن گئے، دس ہزار میٹر ویمن دوڑ ڈچ ایتھلیٹ نے جیت لی، ہائی جمپ اور گولہ پھینکنے کے تگڑے مقابلے بھی توجہ کا مرکز بنے۔الخلیفہ انٹرنیشنل سٹیڈیم دوحہ میں عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں دنیا بھر کے رنر اِن ایکشن ہوئے، مردوں کی سو میٹر دوڑ سے دن کا آغاز ہوا، امریکی ایتھلیٹ کرسچئن کولمین نے ریکارڈ نو اعشاریہ سات چھ سیکنڈ میں فنشنگ لائن عبور کی۔دس ہزار میٹر ویمن دوڑ میں ہالینڈ کی سائفن حسن نے میدان مار لیا، لونگ جمپ میں جمیکن ایتھلیٹ تیجے گیل نے اپ سیٹ کر دیا۔گولہ پھینکنے میں بھی امریکی کھلاڑی ہی بازی لے گئیں، ڈی آنا پرائس نے تہتر اعشاریہ سات سات میٹر دور گولہ پھینک کر بطور امریکی پہلا ٹائٹل جیت لیا۔