اسلام آباد: (یواین پی) وزیراعظم عمران خان نے وزرا کو اراکین اسمبلی کے شکوے شکایات دور کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن کی کارکردگی ٹھیک نہیں، انھیں تبدیل کر رہا ہوں۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے جس میں حکمران جماعت کے ایم این ایز پھٹ پڑے ہیں۔ذرائع کے مطابق پشاور سے ایم این اے ارباب عامر اجلاس میں بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے اور وزیراعظم کو بتایا کہ وزرا ہمیں ملاقات کے لیے وقت بھی نہیں دیتے، حلقے کے عوام کے جائز کام کے لیے بھی وزرا کی منتیں کرتے ہیں، پھر بھی کام نہیں ہو رہے۔ذرائع کے مطابق ارباب عامر جذباتی ہو کر اجلاس سے اٹھ کر جانے لگے تو وزیراعظم نے روک دیا اور کہا کہ جن وزرا کی کارکردگی ٹھیک نہیں، انہیں تبدیل کر رہا ہوں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے وزرا کو اراکین کے شکوے دور کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ارکان کے تحفظات سننے کے لیے خود ملاقاتیں کروں گا۔