اسلام آباد: (یواین پی) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائی تھی۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے 63 پیسے تک کمی کی گئی تھی۔ پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے فی لٹر کمی کرتے ہوئے نئی قیمت 113 روپے 24 پیسے فی لٹر کی گئی تھی۔اس کے علاوہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 33 فی لٹر کمی کرتے ہوئے اس کی قیمت 127 روپے 14 پیسے فی لٹر کی گئی۔مٹی کا تیل 4 روپے 27 پیسے فی لٹرسستا کیا گیا جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 99 روپے 57 پیسے ہو گئی تھی۔لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 63 پیسے فی لٹر کمی کی گئی۔ جسکے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 91 روپے 89 پیسے فی لٹر ہو گئی تھی۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے23 پیسے اور پیڑول کی قیمت میں 2 روپے 55 پیسے کمی کی تجویز دی تھی۔