لاہور (یواین پی)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔میچ کے انعقاد کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، پاکستان ٹیم میں احمد شہزاد، عمر اکمل اور محمد حسنین کی شمولیت کا امکان ہے۔کراچی کے بعد لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہورہی ہے۔گرین شرٹس اب بھی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون ہیں، دوسری ٹیم سری لنکا کی ہے جس نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل تو ضرور جیتا ہے لیکن اس وقت اس کی رینکنگ نمبر 8 ہے۔’ٹی ٹوئنٹی میں عمر اور احمد شہزاد کو پورا موقع دیں گے، حسنین کو بھی کھلائیں گے‘سری لنکا کی نوجوانوں پر مشتمل ٹیم نے لاہور کے خوشگوار موسم میں جمعے کو بھرپور ٹریننگ کی، گرین شرٹس نے بھی خوب جم کر پریکٹس کی۔کپتان سرفراز احمد نے اشارہ دیا ہے کہ احمد شہزاد، عمر اکمل اور محمد حسنین پہلے ٹی ٹوئنٹی کے فائنل الیون کا حصہ ہو سکتے ہیں۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہو گا۔