لاہور: (یواین پی) نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو چودھری شوگر ملز کیس میں احتساب عدالت پیش کر دیا گیا، پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔نواز شریف خاندان پر چودھری شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام ہے، سابق وزیر اعظم کی آج اس کیس میں گرفتار ی کا بھی امکان ہے۔ نیب تفتیشی ٹیم کے مطابق چیئرمین نیب چودھری شوگرملز کیس میں نواز شریف کے وارنٹ جاری کرچکے ہیں۔
نواز شریف نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا مولانا فضل الرحمن کے دھرنے کی حمایت کرتے ہیں، مولانا نے الیکشن کے بعد اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کا کہا، ان کی بات کو رد کرنا غلط تھا۔یاد رہے گزشتہ روز لاہور کی احتساب عدالت نے چودھری شوگر ملز کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے جیل میں تفتیش کی اجازت دی۔ نیب کی جانب سے پراسیکیو ٹر حافظ اسد اعوان نے درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔