لاہور(یواین پی)مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ تاریک دن ہے کہ جب کچھ نہ ملا تو نواز شریف کے خلاف اب یہ نیا کیس بنالیا ہے، جیل میں قید نواز شریف کو دوبارہ گرفتار کرنے سے کیا صنعت چل پڑے گی؟لاہورکی احتساب عدالت میں مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی المیہ اور بدقسمتی ہے کہ 3 بار کے وزیراعظم سے یہ سلوک ہو رہا ہے، نواز شریف کی گرفتاری سے کیا لوگوں کو روزگار مل جائے گا؟انہوں نے کہا کہ 3 بار کی وزارتِ عظمی کے باوجود قومی خزانے اور عوامی وسائل میں ایک روپے کی کرپشن کا الزام نہیں لگایا جا سکا، جیل میں قید ایک بے گناہ شخص پر سیاسی انتقام کے لیے ایک اور مقدمہ بنایا گیا۔مریم اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ نالائق اور سلیکٹڈ وزیرِ اعظم کیا یہ سمجھتے ہیں کہ ایسی چھوٹی حرکتیں کر کے معیشت ٹھیک ہو جائے گی؟ترجمان نون لیگ نے کہا کہ نالائق اور نااہل حکومت نے ایک سال میں ملک کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا، سلیکٹڈ وزیرِ اعظم نے ملکی معیشت تباہ کر کے رکھ دی ہے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے قوم کو روزگار دیا، اربوں ڈالر کا سی پیک منصوبہ لائے، مہنگائی 47 سال میں کم ترین سطح پر لائے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف نے قوم کو اندھیروں سے نجات دی اور 11 ہزار میگا واٹ بجلی بنائی، ملک میں 12 ہزار کلومیٹر سڑکیں اور موٹرویز بنائیں تاکہ قوم خوشحال ہو۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو پوری دنیا میں عزت دلائی، نوجوانوں کو روزگار اور نئی امید دی، انہیں آج ملک و قوم کی خدمت کی سزا دی جا رہی ہے۔نون لیگ کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف میں اختلاف کی خبریں 35 سال سے چلائی جا رہی ہیں، شہباز شریف کہہ چکے ہیں کہ قبر تک چلا جاوں گا، مگر بھائی کو نہیں چھوڑوں گا۔