لاہور: (یواین پی) پنجاب میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر امن وامان کے لئے فوج اور رینجرز طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ لاہور میں جلوس کے روٹس پر موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے قائمہ کمیٹی برائے امن و امان کی سفارش پر فوج اور رینجر بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاہور، راولپنڈی، جھنگ، گوجرانوالہ اور ڈیرہ غازی خان میں تعیناتی کی جائے گی، اس مقصد کے لئے فوج کی 10 اور رینجرز کی 6 کمپنیوں کو طلب کیا گیا ہے۔20 اکتوبر کو چہلم حضرت امام حسینؓ پر امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کے لئے صوبے کے حساس اضلاع میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔