ٹھٹھہ (رپورٹ حمید چنڈ): ڈپٹی کمشنر محمد عثمان تنویر نے کہا ہے کہ شہداء کربلا کی جانب سے دی گئی قربانیاں ہمیں صبر، رواداری اور قربانی کے جذبہ کی تلقین کرتی ہیں۔ انہوں نے علماء پر زور دیا کہ وہ چہلم امام حسین علیہ سلام کے موقع پر ضلع میں امن، اتحاد اور بھائیچارے کی فضا قائم رکھنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر میں چہلم امام حسین علیہ سلام کے موقع پر ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ چہلم امام حسین علیہ سلام کے دوران امن و امان کی صرتحال برقرار رکھنے کیلئے سیکیورٹی پلان تشکیل دیں اور بہتر انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ کوئی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقع رونما نہ ہو سکے۔ انہوں نے عوام کو بھی اپیل کی کہ مجالس اور جلوسوں کے دوران شرپسند اور مشکوک لوگوں پر کڑی نظر رکھیں اور ایسی اطلاع فوری طور پر موجود پولیس افسران کو دی جائے۔ انہوں نے حیسکو افسران پر زور دیا کہ وہ 19 اور 20- صفر 1441ھ (ہفتہ اور اتوار) کو شام 6 بجہ سے دن 12 بجہ تک بجلی کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنائیں جبکہ 18ویں صفر 1441ھ کو گجو شہر میں بھی شام کو اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے گریز کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز، چیف آفیسر ضلع کونسل، سی ایم او ٹھٹھہ سمیت ٹاؤن افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کے تمام ٹاؤن باالخصوص مجالس اور جلوس کی جگہوں کی صفائی ستھرائی اور اسٹریٹ لائٹ سمیت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز متعلقہ ڈی ایس پیز اور ٹاؤن افسران سے ملکر مجالس اور جلوس کی گذرگاہوں کا دورا کرکے سیکیورٹی، صفائکی ستھرائی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ٹھٹھہ کو ہدایت کی کہ وہ چہلم امام حسین علیہ سلام کے موقع پر ضلع بھر کے صحت مراکز، مجالس اور جلوس کی گذرگاہوں پر ایمبولینس، مطلوبہ ادویات اور ڈاکٹرز و عملے کی موجودگی کو یقینی بنائیں تاکہ عزاداروں کو فوری طبی سہولیات کی فراہمی ہو سکے۔ انہوں نے حیسکو افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ چہلم امام حسین علیہ سلام کے دن واٹر سپلائی اسکیم کو بجلی بحال کریں۔ انہوں نے چیف آفیسر ٹھٹھہ کو ہدایت کی کہ کھلے مین ہولز و دیگر نالوں کو ڈھکن لگوائیں تاکہ جلوسوں کی آمدورفت میں آسانی ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے خطیب صاحب الزمان مسجد امام بارگاہ مکلی شفیع رضا زیدی کی جانب سے 28- صفر 1414ھ بمطابق 28- اکتوبر 2019ء کو جلوس برآمد کرنے کا مسئلہ زیر غور لاتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ اس قسم کے کسی بھی جلوس کی اجازت نہیں دی جائے گی جوکہ سیکیورٹی پلان کا حصہ نہ ہو۔ اس موقع پر تمام شرکاء نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور ڈاکٹر عبدالحسین شاہ کی قیادت میں مجلس وحدت المسلمین کے شیعہ وفد نے بھی شرکت کی۔