ٹھٹھہ، (رپورٹ حمید چنڈ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر.1 محمد عارف کلوڑ کی قیادت میں “انٹرنیشنل ورلڈ پولیو ڈے کی مناسبت سے عوام میں پولیو سے بچاء کے متعلق آگہی اور شعور اجاگر کرنے کے لئے سول اسپتال سے جیمخانہ مکلی تک واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد عارف کلوڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک خطرناک مہلک مرض ہے جبکہ پولیو کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ ضلع سے اس موذی مرض کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے عوام باالخصوص والدین کو اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں آنے والی پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے پانچ سال تک عمر کے بچوں کو ہر بار پولیو سے بچاء کے قطرے پلائیں تاکہ انہیں اس خطرناک بیماری سے ہمیشہ کیلئے محفوظ بنایا جا سکے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ٹھٹھہ ڈاکٹر غلام مصطفی میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے پولیو ٹیمیں ضلع کے مختلف علاقوں، دیہات اور گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچاء کے قطرے پلانے میں مصروف عمل ہیں جبکہ ضلع ٹھٹھہ میں پولیو پر کافی حد تک کنٹرول ہو چکا ہے اور کوشش ہے کہ ضلع کو ہمیشہ کیلئے پولیو سے پاک کیا جا سکے۔ واک سے سول سرجن سول اسپتال ٹھٹھہ ڈاکٹر سید سکندر علی شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ٹھٹھہ خدا بخش بہرانی، ڈاکٹر حسن گندرو و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر محکمہ صحت، تعلی، لوکل گورنمنٹ، انفارمیشن اور روینیو افسران کے علاوہ، ڈبلیو ایچ او، پی پی ایچ آئی، مرف، یونیسیف، این آر ایس پی، ہینڈز، سرسو، نئی زندگی و دیگر محتلف این جی اوز اور سول سوسائٹی کے نمائندوں، علماء اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔