ملتان (یواین پی) ناصر شاہ اور نثار کھوڑو سمیت پی پی رہنماؤں نے قافلے کو الودع کہا۔ مارچ براستہ پنوعاقل، گھوٹکی اور اوباڑو سے پنجاب میں داخل ہوا۔ بلوچستان کے قافلے بھی ملتان پہنچے۔تفصیلات کے مطابق حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے جمعیت علمائے اسلام کے آزادی مارچ کیلئے ملک بھر سے قافلے شہر اقتدار کی جانب رواں دواں ہیں۔مرکزی قافلہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں سکھر سے روانہ ہوا۔ جے یو آئی (ف) قیادت کنٹینر میں سوار ہے، اس دوران صلح مشورے بھی ہوتے رہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو اور ناصر شاہ نے جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ کو سکھر سے الوداع کیا۔ قافلے میں پی پی اور مسلم لیگ ن سمیت دیگر جماعتوں کے کارکن بھی شریک ہیں۔آزادی مارچ براستہ پنو عاقل، گھوٹکی اور اوباڑو سے پنجاب میں داخل ہوا۔ قافلہ صادق آباد، رحیم یار خان سے ہوتا ہوا ملتان پہنچا، رات قیام کے بعد لاہور کے لئے روانہ ہوگا۔بلوچستان کے قافلے دوسرے روز لورالائی سے شروع ہوئے۔ ڈی جی خان پہنچنے پر بھرپور استقبال کیا گیا۔ وہاں سے کارواں مظفر گڑھ روانہ ہوا۔ ملتان پہنچنے پر اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں نے خیر مقدم کیا۔