منی پور (یواین پی) بھارتی ریاست منی پور کے مہاراجہ لیشمبا سانا جاﺅبا کے نمائندوں نے لندن میں منی پور ریاست کونسل کے قیام کا اعلان کردیا، رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ وہ ملکہ برطانیہ کو قرار داد پیش کریں گے۔مہاراجہ آف منی پور کے جلا وطن نمائندوں نے لندن میں منی پور کی بھارت سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ اس سلسلے میں بلائی گئی پریس کانفرنس میں منی پورریاست کونسل کے قیام کا اعلان کیا گیا اور یامبین بائرن کو کونسل کا وزیر اعلیٰ منتخب کیا گیا۔ منی پور ریاست کونسل کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مودی کے بھارت میں ہمارے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، ہماری علیحدہ ریاست کو تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مہاراجہ کا محل ان کا ہیڈ آفس ہوگا۔منی پور ریاست کونسل کے نمائندوں نے اعلان کیا کہ وہ بہت جلد اپنی علیحدہ ریاست کے حوالے سے ملکہ برطانیہ کو قرار داد پیش کریں گے۔ پریس کانفرنس کے دوران منی پور کونسل کے وزرا کے ڈیکلریشن آف انڈیپنڈنس کا باقاعدہ اعلان بھی کیا گیا۔پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ مہاراجہ نے 1946 میں بھارت سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا لیکن 1949 میں بھارت نے ریاست کی خود مختاری کو کچلتے ہوئے اسے اپنے ساتھ شامل کیا تھا۔