ہم پاکستانی بھی عجیب لوگ ہیں شاید اس لئے عجیب وغریب خواہشیں دلوں میں پروان چڑھتی رہتی ہیں خواہشوں کے بارے میں مرزا غالب کا کہناہے
ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہرخواہش پر دم نکلے
پر اپنے الطاف بھائی نے گذشتہ دنوں ایک عجیب بلکہ غریب خواہش کااظہارکیاہے کہ’’دہشت گردی کے خلاف فوج اور حکومت کو ایک پیج پرآنا چاہیے، ور نہ فوج افتدارپرقبضہ کرکے ملک میں مارشل لاء لگادے‘‘ ایک معروف سیاستدان اورپارٹی سربراہ کاایسی باتیں کرنا عقل سے بعیدہے دن رات جمہوریت کا راگ الاپنے والوں کو بہترین سوچ کا مظاہرہ کرنا چاہیے یقیناًالطاف حسین کے اس بیان سے ہر جمہوری سوچ رکھنے والے کو تکلیف ہوئی ہے ۔شاید اسی لئے دنیا بھرمیں ہم پاکستانیوں کو عجیب لوگ کہا جاتاہے کہ جب ملک میںآمریت ہوتی ہے ہم جمہوریت کیلئے جدوجہد کرتے دکھائی دیتے ہیں لیکن جمہوریت آ جائے توپھر آمریت کی راہ ہموار کرنے کی کوششیں شروع ہوجاتی ہیں پاکستان کی سیاست میں گذشتہ نصف صدی سے یہی کھیل کھیلا جارہاہے ہمارے بابائے جمہوریت نوابزادہ نصراللہ خان کی پوری زندگی کا یہی حاصل تھا کہ ہم نے انہوں کو ہمیشہ جمہوریت کیلئے نبرد آزما دیکھا۔۔ان کا کہنا تھا لنگڑی لولی جمہوریت بھی مارشل لاء سے ہزار گنا بہترہوتی ہے اب نہ جانے کچھ لوگ کیوں جمہوریت کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے۔۔
عشق قاتل سے بھی ،مقتول سے ہمدردی بھی
یہ بتا کس سے محبت کی جزا مانگے گا؟
سجدہ خالق کو بھی ، ابلیس سے یارانہ بھی
حشرمیں کس سے عقیدت کا صلہ مانگے گا؟
غور کیا جائے تو محسوس ہوگا کہ الطاف حسین کا عسکری قیادت کو مارشل لاء لگانے کا مشورہ در حقیقت فوج کو بغاوت پر اکسانے کی کوشش ہے لیکن شاید وہ اس حقیقت سے ہم سے زیادہ با خبر ہوں گے کہ پاکستان کو آج جن مسائل کا سامنا ہے سقوطِ ڈھاکہ، نام نہاد افغان جہاد، کارگل ایڈونچر، دہشت گردی کے خلاف جنگ وہ سب کے سب مسائل آمریت کی پیداوارہیں جن کا خمیازہ مسلسل قوم بھگت رہی ہے اور50,000جانوں کا نذرانہ دینے کے باوجوداس سے چھٹکارا پانے کی کوئی صورت نظر نہیں آرہی اس کربناک صورتِ حال کے باوجودپھر ملک میں مارشل لاء کی خواہش رکھنا کتنی اذیت ناک اورکس قدر عجیب وغریب خواہش ہے۔۔۔یہ خواہش ایک اوربات کابرملا اعلان کررہی ہے کہ یہ خواہش رکھنے والے اپنے مستقبل یا پھر جمہوریت سے مایوس ہوگئے ہیںیہ ذہن میں رکھنا چاہیے کہ مایوس انسان اپنے آپ کوتنہا محسوس کرتاہے یہ تنہائی رفتہ رفتہ اس کیلئے جان لیوا بھی بن سکتی ہے لیکن جن لوگوں نے سیاست میں ہمیشہ اقتدار کے مزے لوٹے ہوں ان کی سیاسی تنہائی اپوزیشن میں رہ کر کیسے دور ہو سکتی ہے
اپنا تو یہ حال جی ہار چکے، لٹ بھی چکے
اور محبت وہی انداز پرانے مانگے
مایوسی کا شکار سیاستدانوں کو اس بات پر مزید مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا کہ اب پاکستان کے سیاسی، معاشی، معاشرتی اور جغرافیائی حالات ایسے نہیں کہ ملک میں مارشل لاء لگ سکے اب فوج کے اندر بھی کسی کی ایسی کوئی خواہش یا حسرت نہیں تمام ادارے اپنی حد میں رہتے ہوئے پاکستان کو مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں بلکہ ذہنی طورپر سب ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں یہ اندازِ فکر ایک زندہ قوم کی ترجمانی کرتاہے اس لئے جمہوریت کے ساتھ چوہے بلی کا کھیل تماشہ ختم ہو گیاہے ایک وزیرِ اعظم کو سزا اور نااہلی دوسرے وزیرِ اعظم پر کرپشن مقدمات کے باوجود اگر قوم نے پیپلز پارٹی کی 5سالہ حکومت کہ برداشت کرلیا ہے تو اس کا مطلب ہے اب پاکستان میں جمہوریت کا مستقبل روشن اور تابناک ہے موجود ہ حکومت تو پھر گذشتہ دور سے نیک نام ہے اس لئے جمہوریت کے خلاف عجیب وغریب خواہشیں’’بری بات‘‘ ہے اب رہی طالبان سے مذاکرات کی بات تواس وقت ملک بھر کے مسلمان دہشت گردی کے سخت خلاف ہیں ہم ہر خاص و عام کو یہ صائب مشورہ دے رہے ہیں کہ دہشت گردی پر سیاست کرنے کی بجائے اگر اس سلسلہ میں حکومت کی معاونت کی جائے تو بہتوں کا بھلا ہو گاویسے بھی طالبان کنفیوژ لوگ ہیں جولوگ بے گناہوں کے خون سے ہاتھ رنگ رہے ہیں، عبادت گاہوں میں دھماکوں ، خودکش حملوں میں ملوث ہیں یا جو سیکورٹی اہلکاروں کو اغوا کرکے انہیں ذبح کرنے کے مرتکب ہیں،اسلا م کے نام پر فتنہ فساد بپا کررہے ہیںیا ملکی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں یا جو آئین تسلیم کرنے سے انکاری ہیں وہ یقیناکسی رعایت کے مستحق نہیں انہیں ہر قیمت پر کچل دینا ریاست کا فرض بنتا ہے اس لئے حکومت قومی سلامتی پر واضح مؤقف اختیار کرے یہ پاکستان کی بقاء ، وجود،سا لمیت اور مستقبل کا معاملہ ہے اس سے صرفِ نظرکرنا کسی طور بھی مناسب نہ ہوگا مذاکرات یافوجی ایکشن دونوں صورتوں میں اسے کامیابی اور منطقی انجام تک پہنچانا ناگزیرہے۔۔یہی حالات کا تقاضاہے اور ہر محبِ وطن کے دل کی آواز بھی۔
عشق قاتل سے بھی ،مقتول سے ہمدردی بھی
یہ بتا کس سے محبت کی جزا مانگے گا؟
سجدہ خالق کو بھی ، ابلیس سے یارانہ بھی
حشرمیں کس سے عقیدت کا صلہ مانگے گا؟