لاہور: (یواین پی) لاہور میں ٹماٹر کے سرکاری نرخ ایک سو پچاسی روپے مقرر ہیں لیکن دکانوں پر ٹماٹر چار سو روپے کلو میں فروخت ہونے لگے۔ٹماٹر کی قیمت ایک بار پھر آسمان سے باتیں کرنے لگی۔ سرکاری نرخ میں ٹماٹر کی قیمت 185روپے کلو تک مقرر لیکن منافع خور مافیا بے لگام ہے اور دکانداروں کی بھی من مانیاں جاری ہیں جو ٹماٹر 400 روپے کلو میں فروخت کرنے لگے ہیں۔خریداروں کا کہنا تھا کہ اتنے مہنگے ٹماٹر نہیں خرید سکتے، مارکیٹ کمیٹی نرخ نامہ پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ تعطیل کے باعث مارکیٹ میں ٹماٹر کی قلت پیدا ہو گئی ہے جبکہ شہری قیمتیں زیادہ ہونے کے باعث بغیر ٹماٹر خریدے گھروں کو لوٹنے پر مجبور ہیں۔ادھر کراچی میں بھی ٹماٹر کی قیمتوں میں پر لگ گئے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں 240 سے 300 کلو میں ٹماٹر فروخت ہونے لگے ہیں۔ ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافے سے شہریوں نے پریشانی کا اظہار کیا ہے۔ شہر میں ٹماٹر دو روز قبل 160 سے180 روپے فی کلو فروخت ہورہا تھا جو اب بڑھ کر 250 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔