کراچی: (یواین پی) پولیس کی جانب سے دعا منگی اغوا کیس میں جاری پہلے باضابطہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک ایک درجن سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ترجمان سندھ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان زیر حراست افراد سے دعا منگی کے اغوا کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں سی پی ایل سی پولیس کی معاونت کر رہی ہے جبکہ ڈی آئی جی ساؤتھ کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔بیان میں عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ کیس کے حوالے سے کوئی بھی معلومات ون فائیو مددگار پر دیں۔ نامعلوم ملزمان نے دعا منگی کو اغوا جبکہ ان کے ساتھی حارث کو زخمی کیا تھا۔ ترجمان پولیس نے کہا کہ واقعہ کے بعد پولیس فوری طور پر ہسپتال پہنچی اور اہلخانہ کو آگاہ کیا گیا۔