ٹھٹھہ (بیوروچيف حمید چنڈ): وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی معذور افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے فنڈز کی فراہمی کے متعلق سندھ حکومت سے بہت ساری ناانصافیاں اور سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، وفاق کی جانب سے سی سی آئی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے اور اس فورم پر سندھ کے فنڈز کے متعلق وفاق کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے پی ٹی آئی کی حکومت آئی ہے تب سے سندھ سے زیادتی کرکے فنڈز سے کٹوتی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت سندھ کی جانب سے عوام کو ان کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے زیادہ سے زیادہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آج انہوں نے جیم خانہ مکلی میں عوام کے مسائل کے خل کیلئے منعقدہ کھلی کچہری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی آب و ہوا بہت خراب ہے قانون اور آئین موجود ہیں اس میں جو لکھا ہوا ہے اس سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا، پ پ پ چیئرمن چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نیب کی جانب سے طلب کرنے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ کوئی نیا معاملہ نہیں ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اس طرح کے مسائل کا سامنا کیا ہے اور آئندہ بھی کرے گی۔ سول اسپتال ٹھٹھہ میں مرف کی جانب سے صحت کی عدم سہولیات اور ادویات کی عدم فراہمی کے بارے میں شکایات کے جواب میں، انہوں نے یقین دلایا کہ جلد ہی مرف کے بارے میں شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔ سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ کالا کالا باغ ڈیم ہو یا کوئی اور مسئلہ، میرے دادا مرحوم سید قمر الزمان شاہ نے ہمیشہ سندھ کے حقوق اور سندھ کے پانی کے لئے جدوجہد کی، جس کا مشن لیکر ہمیں بھی سندھ کے حقوق کے لئے آواز اٹھانا ہوگا اور سندھ بھر باالخصوص ٹھٹھہ کو پانی کی فراہمی کیلئے بھی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کینجھر جھیل سے ٹھٹھہ کے لوگوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے کی بھی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ میں متعدد مسائل ہیں جن میں سب سے اہم سول اسپتال میں صحت اور عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی سمیت ڈرینیج کے مسائل اہمیت کے حامل ہیں جن کے حل کیلئے اولین ترجیحات پر کوششیں کی جائیں گی تاکہ ان کے بنیادی مسائل حل ہو سکیں۔ اس سے قبل کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایت کے تحت سندھ بھر کے ہر ضلع میں کھلی کچہریوں کا آغاز کیا گیا ہے جوکہ ایک مہم کی شروعات ہے، ہم آپ کے جواب دہ ہیں اور لوگوں کی مشکلات کو حل کرنے کے لئے اس طرح کی کچہریاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کے بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں، اس ضمن میں ہمیں آپ سے رابطہ میں رہ کر جدوجہر کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا نعرہ تھا اور ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور آپ ہماری طاقت ہیں۔ کھلی کچہری کے دوران عوام کی جانب سے خصوصی معاون کے سامنے مختلف مسائل پیش کیے گئے جن کے فوری حل کیلئے موقع پر ہی موجود متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے گئے۔ قبل ازیں پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر صادق علی میمن اور ایم پی اے سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے حطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خاص کو توجہ دلاتے ہوئے ضلع ٹھٹھہ کے مسائل کے حل کیلئے زور دیا۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر، ایس ایس پی ٹھٹھہ شبیر احمد سیٹھار، پ پ پ ضلع ٹھٹھہ کے سینئر نائب صدر عبدالحمید پنھور، پ پ پ کے ضلعی جنرل سکریٹری امتیاز احمد قریشی اور عاشق زرداری کے علاوہ ضلع کے تمام محکموں کے افسران، صحافیوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔