لاہور: (یو این پی)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے ڈینگی سے ہونے والی ہلاکتوں اور اقدامات بارے حکومتی جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی بنانے کا حکم دیدیا۔چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ڈینگی نے پنجاب میں تباہی پھیر دی، ہلاکتیں زیادہ راولپنڈی میں ہوئیں، مگر تبدیل لاہور کے ڈپٹی کمشنر کو کر دیا گیا۔ بتایا جائے پنجاب میں ڈینگی سے کتنی اموات ہوئیں؟ اس پر وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ ڈینگی سے صوبے میں سینتیس ہلاکتیں ہوئیں۔پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ حکومتی اعدادوشمار درست نہیں، ن لیگ کو کریڈٹ جاتاہے کہ انہوں نے ڈینگی مچھر کو مارا، مگر جس ٹیم نے مچھر مارا، حکومت نے آتے ہی وہ ٹیم تبدیل کر دی۔ ڈینگی سے ہلاکتوں پر وزیر قانون اس معاملے پر کمیٹی تشکیل دیں۔وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے بعد سب سے زیادہ لاہور میں نقصان ہوا۔ ہم نے ڈینگی کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات کئے اور ایس او پی پر عمل کیا۔