اسلام آباد(یواین پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کرسمس کے تہوار پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں مختلف طبقات اور مذاہب کے مابین ہم آہنگی ہے خوش آئند ہے ملک کی مسیحی برادری نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ایک مثبت کردار ادا کیا ہے۔کرسمس کے موقع پر خصوصی پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کرسمس کے تہوار پر پوری قوم مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے، ملک میں مختلف طبقات اور مذاہب کے مابین جو ہم آہنگی انتہائی خوش آئند ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ برقرار رہے۔ اپنے پیغام میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسیحی برادری انتہائی ذمہ دار ہے اور اُنہوں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ایک مثبت کردار ادا کیا ہے،تعلیم اور صحت کے شعبے میں ان کی نمایاں خدمات ہیں،پاکستان کی خوبصورتی یہ ہے کہ مختلف مذاہب کے لوگ یہاں رہتے ہیں، مختلف زبانیں بولنے والے یہاں رہتے ہیں، ہم نے ایک گلدستے کے مانند ایک دوسرے کو خود میں سمویا ہوا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مباردک باد پیش کی۔