پنڈ دادنخان: (یواین پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اب بھارتی شہری خود نریندر مودی کے ظلم کے خلاف کھڑے ہوں گے۔ پاکستان کی ضرورت نہیں پڑے گی۔وزیراعظم عمران خان نے پنڈدادنخان میں جلال پور کینال منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ان کا کہنا تھا کہ میں بارہا کہہ چکا ہوں کہ انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ کئی ماہ سے کشمیری لوگوں کے حقوق سلب کرکے ان کے علاقے کو جیل میں بدل دیا اور انھیں محصور کر رکھا ہے۔ اس سے نظر ہٹانے کیلئے وہ ضرور کوئی واردات کرے گا۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کشمیر کے مسئلے اور بھارتی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ باجوہ ان حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔