ہارون آباد (یو این پی) تھانہ فقیروالی کی حدود میں مسافر بس نمبری ایل ایایس-4167نعیم کوچ دُھند اور تیز رفتاری کے باعث اُلٹنے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ ڈرائیور سمیت 25مسافر زخمی ، ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا اندیشہ ۔ مبینہ طور پر ریسکیو1122 ذرائع کے مطابق نعیم کوچ فورٹ عباس سے لاہور جا رہی تھی کہ 174 سیون آر موڑ کے قریب حادثہ کا شکار ہو گئی ۔ جاں بحق ہونے والوں میں نازیہ بی بی زوجہ محمد بوستان سکنہ 215نائن آر ۔ انیلا یونس زوجہ حاشر قیوم سکنہ 306ایچ آر ۔ محمد ہاشم ولد عاشر قیوم سکنہ 306ایچ آر ۔ اقرا دختر محمد لطیف سکنہ 281ایچ آر ۔ محمد ندیم ولد محمد امین سکنہ 285ایچ آر جبکہ دو نامعلوم الاسم شامل ہیں ۔زخمیوں میں بچے بوڑھے خواتین بھی شامل ہیں۔ چشتیاں ، بہاول نگر اور فورٹ عباس کی ریسکیو ٹیموں نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال فورٹ عباس منتقل کیا گیا ،شدید زخمیوں کو بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال ریفر کر دیا گیا اور نعشوں کو رورل ہیلتھ سنٹر فقیروالی منتقل کر دیا گیا ہے پولیس تھانہ فقیروالی نے بھی موقع پر پہنچ کر قانونی کاروائی شروع کر دی ہے۔ایک اور ٹریفک حادثہ میں بھی بس اور کار کی ٹکر سے کار تباہ ہو گئی تاہم کار میں سوار افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔