لاہور: (یواین پی) ملک بھر میں یخ بستہ موسم اور ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے، اسکردو میں درجہ حرارت منفی 18، استور میں منفی 12ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں درجہ حرارت نقطہ انجماد کو چھوگیا۔پنجاب اور سندھ کے بالائی علاقوں میں دھند کا راج برقرار ہے، کئی مقامات پر حد نگاہ نہ ہونے کے برابر ہے، دھند کے باعث ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیرکاشکار ہونے لگیں جبکہ ہائی ویز اور موٹرویز پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔ملک کے بیشترعلاقے دھند کے ساتھ سخت سردی کی بھی لپیٹ میں ہیں، سب سے زیادہ ٹھنڈ سکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 18 ریکارڈ کیا گیا، استورمیں درجہ حرارت منفی 12، گوپس منفی 11، بگروٹ منفی 09، گلگت، ہنزہ میں منفی 07 اور قلات میں منفی 06 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اسلام آباد میں درجہ حرارت نقطہ انجماد کو چھوگیا، لاہور اور ملتان میں 04، فیصل آباد کا درجہ حرارت 03 سنٹی گریڈ رہا، کراچی میں 09 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔