لاہور: (یواین پی) جسٹس مامون رشید شیخ نے 49 ویں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔
گورنر ہاؤس میں لاہور ہائیکورٹ کے 49 ویں چیف جسٹس کی حلف برداری تقریب ہوئی جس میں گورنر پنجاب نے جسٹس مامون رشید شیخ سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدہ کا حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، وزیر قانون راجہ بشارت سمیت عدالت عالیہ کے ججز، بار کے نمائندے اور سرکاری وکلا نے بڑی تعداد میں شرکت کی جنہوں نے عہدہ سنبھالنے پر چیف جسٹس مامون رشید شیخ کو مبارکباد پیش کی۔حلف اٹھانے کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مامون رشید شیخ لاہور ہائیکورٹ پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ججز اور عدالتی افسران کی جانب سے چیف جسٹس مامون رشید شیخ کو پھول پیش کیے گئے جبکہ اس موقع پر رجسٹرار عبدالستار بھی موجود تھے۔