کراچی: (یواین پی)سال 2019ء کے دوران سونے کی قیمت کو پر لگے رہے، سال بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 20 ہزار 600 اور فی 10 گرام قیمت میں 17 ہزار 662 روپے کا اضافہ ہوا۔ سال 2019ء میں سونے کی قیمت میں مستقل اضافہ ہوتا رہا۔ سال بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 20 ہزار 600 روپے اضافہ ہوا اور قیمت 88 ہزار 400 روپے پر پہنچی۔ اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت 17 ہزار 662 روپے اضافے کے ساتھ 75 ہزار 790 روپے کی سطح آگئی۔واضح رہے کہ سال 2019ء کے دوران فی تولہ سونا ریکارڈ سطح 90 ہزار روپے تک پہنچاتھا۔ جنوری 2019ء میں فی تولہ سونا 67 ہزار 800 روپے کی سطح پر تھا تاہم ملکی معیشت کی خراب صورتحال اور روپیہ کی بے قدری نے ڈالر کو بلند سطح پر پہنچانے کے ساتھ ساتھ سونے کی قیمت کو بھی پر لگا دیئے جس کے باعث 28 اگست 2019ء کو سونا پاکستانی تاریخ میں پہلی بار 90 ہزار روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا تھا۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتیں ریکارڈ سطح تک پہنچ گئیں اور فی اونس سونا پورے سال میں 1284 ڈالر سے بڑھ کر 1545 ڈالر کی سطح تک پہنچا جو فی الوقت 1511 ڈالر کی سطح پر ٹریڈ ہورہا ہے۔ دیگر دھاتوں میں چاندی کی فی تولہ قیمت 180 روپے کے اضافے سے 1010 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔ماہرین کا کہنا ہے دنیا کے مرکزی بینکوں کی جانب سے سونے کے ذخائر بڑھانے میں دلچسپی سے سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جب کہ سونے سے وابستہ تاجر کہتے ہیں کہ بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے علاوہ ڈالر مہنگا ہونے سے بھی مقامی مارکیٹ میں سونے نرخ بڑھ گئے۔