لاہور: (یواین پی) رواں ماہ ہونے والے دورۂ پاکستان کے لیے بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ کی طرف سے فیصلہ 24 گھنٹوں کے دوران متوقع ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر ناظم الحسن نے ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے حتمی فیصلہ جمعرات کو کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورہ نہ کرنے پر آنے والے نتائج پر غور کر رہے ہیں۔بی سی بی کے صدر ناظم الحسن نے ڈھاکا میں بورڈ کے اہم اجلاس میں شرکا سے پاکستان کے دورے میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر بات کی۔ ناظم الحسن کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاتھ میں بہت کم وقت ہے تو جمعرات کو فیصلہ کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دورہ نہ کرنے پر آنے والے نتائج پر غور کرنا ہے اور سب کیساتھ بات کی، ہم ٹی ٹوئنٹی کی دوطرفہ سیریز سے پریشان نہیں ہیں لیکن ہم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے حوالے سے واضح نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کبھی نہیں کہا کہ پاکستان میں نہیں کھیلیں گے لیکن دورے کے وقت سے پریشان ہیں کیونکہ ہر کوئی زیادہ وقت ٹھہرنا نہیں چاہتا اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے 7 یا 8 دن لگیں گے۔ناظم الحسن کا کہنا تھا کہ وکٹ کیپر اور سینئر بیٹسمین مشفق الرحیم نے پاکستان جانے کی دلچسپی کبھی ظاہر نہیں کی اور دیگر کھلاڑی مختصر دورہ کرنا چاہتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق مشفق الرحیم ممکنہ طور پر دورہ نہیں کریں گے جبکہ دیگر کئی کھلاڑی مختصر وقت کے لیے ٹھہرنا چاہتے ہیں جبکہ بنگلا دیش کے 23 کھلاڑیوں نے پی ایس ایل میں رجسٹر کراچکے ہیں جبکہ انہیں معلوم ہے کہ پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں کھیلا جائے گا۔