کوئٹہ:(یو این پی)کوئٹہ میں لاپرواہی نے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو موت کی نیند سلا دیا۔ گیس لیکج سے میاں بیوی اور 3 بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔پولیس کے مطابق سبزل روڈ پر رہائش پذیر بے نظیر پارک کا سیکورٹی انچارج نوید شہزاد گزشتہ رات اپنے اہلخانہ کے ہمراہ سردی سے بچنے کے لئے گیس کا ہیٹر جلا کر سو گیا، اس دوران پریشر میں کمی کے باعث ہیٹر بجھ گیا اور گیس کمرے میں بھرگئی۔اس اندوہناک سانحے میں نوید شہزاد، اس کی اہلیہ ریما، 12 سالہ بیٹی ردا، 10 سالہ بیٹا محمد احمد اور 8 سالہ بیٹی ندا جاں بحق ہو گئے۔ پورا دن گھر سے باہر نہ آنے پر اہل محلہ نے پولیس کو اطلاع دی، کمرے کادروازہ توڑا گیا تو تمام افراد ابدی نیند سو چکے تھے۔