اسلام آباد: (یواین پی) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مشرق وسطی میں کشیدگی بڑھنے کے بعد اپنا پہلا دورہ ایران کا کریں گے۔ وہ 12 جنوری بروز اتوار کو تہران جائیں گے۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایران، سعودی عرب اور امریکا کا دورہ کریں۔اس ہدایت کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے اور مشرق وسطی میں کشیدگی کے بعد سفارتی محاذ پر اپنا کردار ادا کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے پیش نظر 12 جنوری کو ایران کا دورہ کریں اورایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کریں گے اور مشرق وسطی اور خلیجی خطے میں وقوع پذیر صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔دوسری طرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 13جنوری کو ریاض جائیں گے، سعودی وزیر شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں علاقائی امن و استحکام کے موضوعات پر مشاورت کریں گے۔یاد رہے کہ 3 جنوری 2020ء کو ایران کے لیفٹیننٹ جنرل قاسم سلیمانی کی گاڑی کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے ائیرپورٹ کے قریب امریکی صدر کے حکم پر نشانہ بنایا گیا اور ان کی گاڑی پر ڈرون کے ذریعے راکٹ فائر کیے گئے جس میں قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے۔