اسلام آباد: (یواین پی) برطانیہ نے پاکستان کو محفوظ ملک اور امن وامان کی صورتحال بہتر قرار دیتے ہوئے سفری ایڈوائزری تبدیل کر دی ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ گزرے پانچ سال کے دوران امن کی بحالی حکومتی کاوششوں کا نتیجہ ہے۔برطانیہ کی حکومت نے پاکستان میں امن وامان کی بہتر صورت حال کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو سفر کے لیے پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔اسلام آباد میں قائم برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق برطانیہ نے آج سفری ہدایات تبدیل کردی ہے جو پاکستان میں سکیورٹی کی صورت حال کی بہتری کا عکس ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اعلان برطانیہ کا پاکستان کے لیے سفری ہدایات کے تفصیلی جائزے کا نتیجہ ہے جو ملک میں سیکیورٹی صورت حال کا وسیع جائزے کی بنیاد پر کیا گیا۔ 2015 کے بعد یہ پہلی اہم پیش رفت ہے۔اعلامیے کے مطابق سکیورٹی کی بہتر صورتحال کے نتیجے میں جون 2019 میں برٹش ایئرویز نے پاکستان نے اپنی پرواز بحال کردی اور اکتوبر 2019ء میں ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج نے پاکستان کا دورہ کیا۔پاکستان کے مختلف سیاحتی مقامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تبدیلیوں سے برطانوی شہریوں کو پاکستان کے شمالی علاقہ جات بشمول کیلاش اور بمبورت وادیوں تک بذریعہ سڑک جانے کی اجازت ہو گئی۔پاکستان کے لیے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر کا کہنا تھا کہ دسمبر2019 میں پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سفری ہدایات کا جائزہ ترجیحی بنیادوں پر لیا۔