لاہور(یواین پی) مسلم لیگ ن نے آئندہ بجٹ بنانے کی تیاری شروع کردی، آئندہ بجٹ ن لیگ کی نگراں حکومت پیش کرے گی، اسحاق ڈار نے بجٹ تیاری کیلئے تجاویز بھی مانگ لی ہیں۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ن لیگ کی اقتصادی ایڈوائزری کونسل کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں احسن اقبال، ڈاکٹرمصدق ملک، محمد زبیر، مفتاح اسماعیل، قیصر احمد شیخ، خرم دستگیر، بلال اظہر کیانی، مشاہد حسین سیّد اور عائشہ غوث پاشا بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی صورتحال پر غور کیا گیا اور بجلی، گیس، آٹا، چینی سمیت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالہ سے پارٹی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں سفارشات مرتب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں عوام کو درپیش مسائل کے حوالہ سے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کی حکمت عملی بھی وضع کی گئی۔ جس کے تحت ن لیگ نے قومی اسمبلی اجلاس میں پیر سے احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔ جبکہ منگل سے پارلیمنٹ کے گیٹ نمبر ایک کے باہراحتجاج کیا جائے گا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کے حقائق جاننے کے لیے قومی اسمبلی کی سپیشل کمیٹی قائم کی جائے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اسحاق ڈار نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اسحاق ڈار نے اقتصادی ایڈوائزری کونسل کے اجلاس میں ملک میں مہنگائی، شرح سود، معیشت کی بحالی کے اقدامات پر تجاویز لیں۔ اسحاق ڈار نے ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کی معیشت کی بحالی کیلئے شرح سود اور ٹیکسز میں کمی اور روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کی تجاویز کی تائید کی۔بتایا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ن لیگ آئندہ بجٹ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اور عوام کی فلاح وبہبود کو مدنظر رکھ کر بنائے۔ ن لیگ کا آئندہ بجٹ اپوزیشن کی حمایت یافتہ نگراں حکومت پیش کرے گی۔ دوسری جانب اپریل سے پہلے ان ہاؤس تبدیلی یا نگراں حکومت بنا کر آئندہ الیکشن کی بھی راہ ہموار کی ہو رہی ہے۔ ن لیگ کے نزدیک ان ہاؤس تبدیلی کے تحت کوئی بڑی جماعت موجودہ سیٹ اپ کو لے کر نہیں چل سکتی، کیونکہ ملک جن بحرانوں میں گھرا ہوا ہے اس کا واحد حل آئندہ الیکشن ہیں۔