پشاور: (یواین پی) خیبر پختونخوا حکومت نے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں جرگہ سسٹم دوبارہ شروع کردیا۔ جرگہ ایکٹ نافذ کرنے کا مقصد قبائلیوں کے مسائل فوری حل کرنا ہے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں عرصہ دراز سے قبائلیوں کے درمیان جاری تنازعات کے حل کے لیے اقدامات مزید تیز کر دیئے ہیں۔ مصالحتی جرگہ سسٹم ایکٹ نافذ کرتے ہوئے ہر قبائلی ضلع میں تحصیل کی سطح پر 50 مشیران جرگہ کے لئے نامزد کئے گئے ہیں۔دوسری جانب جرگہ سسٹم کے نفاذ سے کوئی خوش تو کسی نے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔ عمائدین سمیت صوبائی اسمبلی کے اراکین کہتے ہیں کہ ایسے لوگوں کو نامزد کیا گیا جو جرگہ اور روایات سے بے خبر ہیں۔انتظامیہ کے مطابق جرگہ ممبران کے میرٹ کے برعکس فیصلوں پر انہیں جرگہ کی لسٹ سے خارج بھی کیا جائے گا۔