اوکاڑہ( یواین پی)تواتر سے کھلی کچہریوں کا انعقاد اور مسائل کے حل کے لئے افسران کی جانب سے کی جانے والی کاوشیں اس بات کی غمازی ہیں کہ حکو مت لوگوں کے مسائل خصوصاََ سرکاری دفاتر سے متعلقہ معا ملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے کوشاں ہے حکومت عوام کی مشکلات سے آگاہ ہے اور ان کے حل کے لئے آخری حد تک جائیں گے ۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار خود سے تمام معا ملات کی نگرانی کر رہے ہیں عوام کو ریلیف دینے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اشتما ل اراضی پیر سید صمصام علی شاہ بخاری اور ڈپٹی کمشنر عثمان علی نے سول ریسٹ ہاو¿س رینالہ خورد میں منعقدہ کھلی کچہری کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیئر مین اوور سیز کمیٹی انور پاشا ،پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر زچوہدری سلیم صادق ،رائے حماد اسلم کھرل ، ڈاکٹر اظہر،مہر محمد جاوید ،اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد قدسیہ ناز و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔کھلی کچہری میں محکمہ پولیس ،ریو نیو ،محکمہ صحت ،ایجوکیشن و دیگر محکموں کے خلاف عوام کی طرف سے شکایات پیش کی گئیں جن کے موقع پر حل کے لئے صوبائی وزیر اشتما ل اراضی پیر سید صمصام علی شاہ بخاری اور ڈپٹی کمشنر عثمان علی نے احکامات جاری کئے ۔