پیٹرول ، ڈیزل ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں میاں ولید ناصر چودھری

Published on February 13, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 220)      No Comments

ہارون آباد (یو این پی) جماعت اسلامی کے ضلعی جنرل سیکرٹری میاں ولید ناصر چودھری نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول ، ڈیزل ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اندھا دھند اضافے سے فیکٹریاں اور کارخانے بند ہو رہے ہیں ۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے لئے اربوں روپے سبسڈی کا اعلان کر کے کوئی معرکہ نہیں مارا کیونکہ اِس سبسڈی کا فائدہ تو صرف 25-30فیصد عوام کو ہو گا کیونکہ پاکستان 70-75فیصد آبادی تو دیہاتوں میں رہتی ہے اور وہاں یوٹیلیٹی سٹورز کا نام و نشان تک نہیں ہے، اس لئے ریلیف کے اس پیکیج کے مثبت اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔ میاں ولید ناصر نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اس سے پہلے بھی آٹا کا بحران ملز مالکان کی وجہ سے آیا کیونکہ وہ گندم سیلز مراکز سے گندم خرید کر اوپن مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کر دیتے تھے بالکل اسی طرح یہ سبسڈی والا مال بھی اداروں سے ساز باز ہو کر اوپن مارکیٹ میں فروخت کر کے اصل مستحقین کو محروم رکھا جائے گا۔ کروڑوں اربو ں روپیہ سرخ فیتہ اور تاجر طبقہ کے درمیان غائب ہو جاتا ہے اور اس طرح کے تجربات ہر سال رمضان المبارک کے مہینے میں سستے رمضان بازار لگا کر کئے جاتے ہیں جو یکسر فیل ہو جاتے ہیں ، ماضی میں سستی روٹی پروجیکٹ بھی فلاپ ہوا ، انتظامیہ کی پکڑ دھکڑ کی پالیسی بنا کر عوام کو مطمئن کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جبکہ معاملہ اس کے بالکل الٹ ہوتا ہے۔ انہوں نے تاسف کیا کہ گزشتہ ادوار کی طرح موجودہ حکومت بھی زکوٰة کی مستحقین تک ترسیل میں قاصر رہی ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ زمینی حقائق کو کھلے دل سے تسلیم کیا جائے اور روز مرہ زندگی کی اشیاءکی ارزاں رسائی کے لئے کوئی متبادل حل تلاش کیا جائے۔ ورنہ قوم آپ کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر کبھی شناختی کارڈ کی پابندی اور کبھی دوسری پابندیاں لگا کر دراصل عوام کو اِس سسٹم سے بدظن کر کے اصل ثمرات سے محروم رکھا جاتا ہے۔ مہنگائی کا سونامی غریب عوام کی لنگوٹ تک کو بہا لے گیا ہے ۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہم نے معاشی ناکامیوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا ۔ بلکہ موجودہ حالات کی ذمہ دار موجودہ قیادت پر ڈالنے کی بجائے بار بار نئے تجربات کر کے گزشتہ ادوار کی حکومتوں پر ڈال رہے ہیں ۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Blog