استنبول(یواین پی) دنیا بھر میں سیاسی و سماجی مسائل سمیت سیاستدانوں کی مقبولیت پر سروے کرنے والے عالمی ادارے گیلپ انٹرنیشنل نے نئے سروے میں بتایا ہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان مسلمانوں میں سب سے مقبول حکمران ہیں۔گیلپ سروے آف پاکستان اور گیلپ انٹرنیشنل کے مشترکہ سروے کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان جہاں سب سے مقبول مسلمان حکمران ہیں، وہیں وہ دنیا کے بھی پانچویں مقبول رہنما ہیں۔مذکورہ سروے نومبر سے دسمبر 2019ء کے دوران پاکستان سمیت دنیا کے 50 ممالک میں کرایا گیا تھا اور اس دوران 50 ہزار سے زائد مرد و خواتین سے رائے لی گئی تھی۔دنیا کے 50 ممالک میں سے ہر ملک میں تقریبا ایک ہزار مرد و خواتین سے براہ راست یا آن لائن سروے کیا گیا تھا اور لوگوں سے عالمی حکمرانوں سے متعلق رائے لی گئی تھی۔گیلپ سروے آف پاکستان کی جانب سے ترک صدر رجب طیب اردوان کے 13 سے 14 فروری تک کے 2 روزہ پاکستانی دورے پر جاری کی گئی سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسلامی حکمرانوں میں مقبولیت کے سب سے زیادہ نمبر یعنی 30 فیصد حاصل کیے۔فہرست کے مطابق اردوان کے بعد دوسرے نمبر پر 25 فیصد نمبروں کے ساتھ سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز ہیں جبکہ تیسرے نمبر پر ایران کے صدر حسن روحانی ہیں جنہوں نے 21 فیصد نمبر حاصل کیے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں رجب طیب اردوان سب سے مقبول مسلمان حکمران ہیں، وہیں وہ جرمن چانسلر، فرانسیسی صدر، امریکی و روسی صدور کے بعد پانچویں نمبر پر مقبول رہنما بھی ہیں۔